پی سی بی چیئرمین رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ وہ آسٹریلیا کو خوش آمدید کہنے پر مسرور ہیں، انہیں تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے انعقاد پر ذاتی طور پر بہت خوشی ہے، چیف ایگزیکٹو کرکٹ آسٹریلیانک ہوکلے نے بھی دورۂ پاکستان کی تصدیق کی ہے۔
چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا ایک مضبوط ٹیم ہے اور ان کا 24 سال بعد پاکستان آکر کرکٹ کھیلنا یہاں موجود فینز کے لیے بہترین لمحہ ہوگا، اسی طرح یہ آسٹریلوی کرکٹرز کے لیے بھی ایک شاندار موقع ہوگا کہ وہ پاکستان کے تاریخی گراؤنڈز میں کرکٹ کھیل کر یہاں کی عوام کی مہمان نوازی کا شرف حاصل کرسکتے ہیں۔
چیف ایگزیکٹو کرکٹ آسٹریلیا نک ہوکلے نے کیا کہا
نک ہوکلےکا کہنا ہے کہ پاکستان کی عوام کرکٹ سے پیار کرتی ہے اور ہماری آئندہ سال وہاں روانگی وہاں موجود کرکٹ فینز کو مزید پرجوش کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم بہت باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور اس کی مثال یو اے ای میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ان کی حالیہ کارکردگی ہے۔
نک ہوکلے نے کہا کہ وہ اس دورے کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے پی سی بی کی کاوشوں کو سراہتے ہیں اور وہ اس سیریز کے لئے لاجسٹک، سیکیورٹی اور کوویڈ 19 پروٹوکولز سے متعلق آئندہ چند ماہ پی سی بی سے مسلسل رابطے میں رہیں گے۔
چیف ایگزیکٹو کرکٹ آسٹریلیا نے کہاکہ اُن کے لیے ان کے کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کی حفاظت پہلی ترجیح ہے اور وہ اس سلسلے میں پی سی بی اور متعلقہ ایجنسیز سے مکمل رابطے میں رہیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اس تناظر میں کرکٹ آسٹریلیا کا وفد دسمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گا، دورے کے دوران وہ پی سی بی آفیشلز اور صوبائی اور وفاقی حکام سے ملاقاتیں کرکے معاملات کو حتمی شکل دیں گے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا نے آخری مرتبہ 1998ء میں پاکستان کا دورہ کیا، اس دوران مارک ٹیلر کی قیادت میں مہمان ٹیم نے سیریز ایک صفر سے اپنے نام کی تھی، آسٹریلیا نے پہلی مرتبہ 1959ء میں رچی بینوا کی قیادت میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔