اسلام آباد ( آن لائن، جنگ نیوز ) الیکشن کمیشن نے ڈسکہ الیکشن میں غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے والے الیکشن کمیشن کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ اور ریٹرننگ آفیسر کو او ایس ڈی بنا دیا ہے جبکہ کمیشن سمیت پریذائیڈنگ افسران کیخلاف کاروائی کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے ۔کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن نثار احمد درانی اور شاہ محمود جتوئی کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن سمیت سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں این اے 75 سیالکوٹ ڈسکہ کے حوالے سے رپورٹ اور انکوائری کمیٹیوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کیخلاف انکوائری رپورٹ کی روشنی میں محکمانہ، فوجداری یا دونوں کارروائیاں کی جائیں گی۔
اس موقع پر کمیشن کو بتایا گیا کہ پہلی کمیٹی تمام انتظامی افسران کیخلاف انکوائری کیلئے تشکیل دی گئی جوکہ جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنرسعید گل ریجنل الیکشن کمشنر گوجرانوالہ ماجد شریف ڈوگراور اسپیشل سیکرٹری محکمہ فنانس گورنمنٹ پنجاب مجاہد شیردل پر مشتمل تھی۔
اس کمیٹی کا مینڈیٹ پولنگ کے دن ڈیوٹی میں غفلت ،جس کی وجہ سے بدامنی اورامن وامان کی خلاف ورزی ہوئی سامان کی حفاظتی حصار میں ریٹرننگ آفیسر کے دفترسے ترسیل اور واپسی کے ذمہ دار افسران اور اسکے علاوہ ایسے افسران کا تعین کرنا تھا۔
جنہوں نے قانو ن کی خلاف ورزی کی تاکہ ان کیخلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ دوسری کمیٹی ایسے پریذائیڈنگ افسران و ڈیوٹی پر تعینات سیکورٹی اسٹاف جو انتخابات کی رات کو غائب ہوئے اور اگلے روز تاخیر سے مورخہ 20 فروری 2021 کی صبح کو ریٹرننگ افسر کے دفتر میں آئے کے حقائق جاننے کے لئے قائم کی گئی تھی یہ ایک رکنی کمیٹی انکوائری افسر سعید گل پر مشتمل تھی۔