قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ حکومت اور وزیراعظم کو بہت بڑا موقع دیاجو انہوں نے ضائع کردیا، وزیراعظم کے وضاحت نامے میں ہمارے سوالوں کے جواب نہیں تھے۔
اپوزیشن ارکان کے ساتھ پارلیمنٹ ہاؤس کےباہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے مزید کہا کہ پاناما پیپرز میں وزیراعظم کے خاندان اور دیگر پاکستانیوں کا ذکر تھا،وزیر اعظم کا اسمبلی میں خطاب وضاحت دینے کی کوشش تھی، وزیراعظم نے خود بہت سے انکشافات کیے ،ہمارے 7 سوال 70 سوالات بن گئے،وزیر اعظم کے پاس ہمارے 7سوالا ت کا جواب نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ انکشافات کا ذکر ہمارے سوالات میں نہیں تھا،ایک بھی ایسا سوال نہیں جسے زیادتی کہا جا سکے یا سوال نہ کہلایا جاسکے،ہم نے محسوس کیا کہ تقریر کرنے کی بجائے عوام میں جائیں، ہم سمجھتے ہیں کہ آج کے اس ایونٹ کے سب سے بڑے جج عوام ہیں،کل صبح 10 بجے بیٹھیں گے اور مزید لائحہ عمل بنائیں گے۔
اس سے قبل خورشید شا نے کہا تھا کہ ہمارے سوال بہت آسان اور معصومانہ تھے،ہم سمجھتے تھے ان 7 سوالوں میں مسئلہ حل ہوجائے گا، ہم نے پاناما کا پوچھا تھا یہاں دبئی اور جدہ آگیا،اس کہانی میں ہم نہیں جانا چاہتے ، سوالات کے جوابات نہ ملنےپر ایوان کا وقت ضائع نہیں کرنا چاہتا، اس لیے اسمبلی سے واک آؤٹ کیا۔