• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی یونین نے بیلاروس حکام کیلئے ویزا سہولت کو جزوی طور پر معطل کردیا

کونسل آف یورپ نے بیلاروس کے حکام کیلئے اپنی ویزا سہولت کو جزوی طور پر معطل کردیا ہے۔ کونسل آف یورپ کے مطابق اس اقدام کا مقصد بیلاروس کے حکام کی جانب سے یورپ کے خلاف مہاجرین کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کا جواب دینا ہے، جسے یورپ ہائبرڈ حملہ تصور کر رہا ہے۔ 

یاد رہے کہ یورپین یونین نے بیلاروس پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ دنیا بھر سے مہاجرین کو بھر کر لارہا ہے اور انہیں پولینڈ، لتھونیا اور لیٹویا کے ذریعے یورپ کی سرزمین میں داخل کر رہا ہے۔ 

یورپ اور بیلاروس کے درمیان آسان ویزا کی سہولت یکم جولائی 2020 کو شروع ہوئی تھی، جس کے ذریعے بیلاروس کے لوگوں پر دنیا کے دیگر علاقوں کی طرح ویزا کے لیے سخت شرائط کا خاتمہ کردیا گیا تھا۔ 

لیکن بیلاروس کے ساتھ سیاسی معاملات کی خرابی کے نتیجے میں اس سہولت پر یورپ نے نظر رکھنا شروع کردی تھی۔ یورپین یونین کی جانب سے الزام عائد کیا جاتا ہے کہ ان پابندیوں کے جواب میں 2021 میں بیلاروس نے تارکین وطن کو پہلے لتھونیا، پھر لیٹویا اور بعد ازاں پولینڈ کی طرف آمدورفت کو آسان بنانے کیلئے پروازوں اور داخلی سفر کا اہتمام کرنا شروع کردیا۔ 

جسے یورپ، بیلاروس کی جانب سے ایک جان بوجھ کر کیا جانے والا اقدام تصور کر رہا ہے۔ اس کے جواب میں یورپ نے بیلاروس کے حکام پر اس سہولت کو بند کردیا ہے۔ یہ فیصلہ آئندہ 48 گھنٹے کے اندر اندر نافذ العمل ہوگا، کونسل آف یورپ کے مطابق بیلاروس کے عوام کیلئے یہ سہولت البتہ دستیاب رہے گی۔

تازہ ترین