• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغان صورتحال، اسلام آباد اور دہلی میں اہم اجلاس

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے آئندہ کے اقدامات کی منصوبہ بندی اور حکمت عملی وضع کرنے کیلئے اسلام آباد اور دہلی میں اہم اجلاس ہورہے ہیں۔ 

بھارت آج بدھ کو افغانستان سے متعلق علاقائی ممالک کے قومی سلامتی کے مشیروں کی سربراہی کانفرنس کا انعقاد کر رہا ہے واضح رہے کہ پاکستان اور چین نے بعض تحفظات کے پیش نظر اس کانفرنس میں شرکت کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

دوسری طرف اسلام آباد میں افغانستان پر قائم ’’ٹرائیکا پلس‘‘ کا اجلاس 11 نومبر کو ہوگا اجلاس کی صدارت افغانستان کیلئے پاکستان کے نمائندہ خصوصی محمد صادق کریں گے اجلاس میں امریکہ روس اور چین کے خصوصی نمائندے شرکت کریں گے۔ 

دریں اثناآج دہلی میں ہونے والے اجلاس کے حوالے سے ایک رپورٹ کے مطابق ماہرین کا خیال ہے کہ یہ بھارت کی خارجہ پالیسی کو ریاستی دہشت گردی کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کے مذموم عزائم کو چھپانے کے لئے ایک فضول کوشش ہے۔ماہرین کے مطابق میزبان بھارت افغان سرزمین کو پڑوسی ممالک کے خلاف استعمال کرتا رہاہے۔

ستمبر میں پاکستان نے افغانستان سے بھارت کی سرپرستی میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے بارے میں ایک ڈوزیئر پیش کیا جس میں بھارت کے خفیہ اداروں اور جماعت الاحرار، بلوچ لبریشن آرمی اور تحریک طالبان پاکستان سمیت پاکستانی دہشت گرد گروپوں کے درمیان رابطوں کی لاکھوں ڈالر کی بینک ٹرانزیکشنز، دستاویزات اور آڈیو کلپس کی شکل میں متعلقہ شواہد کے ساتھ تفصیلات موجود تھیں۔ڈوزیئر میں انکشافات کی تصدیق عالمی رہنماؤں نے بھی کی ہے۔

تازہ ترین