وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد وزیرِ اعظم عمران خان سے پہلے ہی سپریم کورٹ آف پاکستان پہنچ گئے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی گیم شروع نہیں ہو رہا، گیم صرف عمران خان کا ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ یہ حکومت 5 سال پورے کرے گی، اے پی ایس کے شہداء کے لواحقین کی درخواست آئے گی تو کارروائی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں احتیاطاً آیا ہوں، وزیرِ اعظم عمران خان کے آنے کا علم نہیں، کہ وہ آئیں گے یا نہیں، وہ آئے تو ساتھ کورٹ میں جاؤں گا۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان قابلِ احترام اور پاکستان کا سب سے بڑا ادارہ ہے، اس کا فیصلہ سر آنکھوں پر ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پوری قوم، حکومت اور وزیرِ اعظم سب پر لاگو ہوتے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر اٹارنی جنرل بہتر بات کر سکتے ہیں۔
وفاقی وزیرِ داخلہ کا کہنا ہے کہ میں وزیرِ خارجہ نہیں ہوں کہ ٹی ٹی پی کے مذاکرات کا علم ہو۔