مسلم لیگ ن کے رہنما زاہد خان نے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا سہیل آفریدی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک قیدی کی رہائی کے لیے اسلام آباد پر چڑھائی کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ دہشت گردی سے سب زیادہ متاثر خیبر پختون خوا میں امن و امان کی صورتِ حال انتہائی ابتر اور کرپشن کا بازار گرم ہے۔
زاہد خان کا کہنا ہے کہ احتجاج کے لیے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے، پہلی بار دیکھا کہ وزیرِ اعلیٰ تحریک چلا رہا ہے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ دہشت گردی کے تانے بانے دہلی اور کابل تک ملتے ہیں، خیبر پختون خوا حکومت کسی سے ڈکٹیشن لینے کے بجائے عوام کا سوچے۔
ان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ کو احساس نہیں کہ صوبے کے عوام کا کیا بنے گا، آپ کو عوام نے مینڈیٹ دیا ہے تو آپ ان کے مسائل پر توجہ دیں، مسائل کا حل بیٹھ کر بات چیت سے نکالا جاتا ہے۔