• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ رخ خان کو مغرور سمجھتا تھا: زین ملک

پاکستانی نژاد برطانوی گلوکار زین ملک نے انکشاف کیا ہے کہ وہ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کو فلموں میں دیکھ کر اُنہیں مغرور انسان سمجھتے تھے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق زین ملک نے اپنے ایک انٹرویو میں شاہ رخ خان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میں ذاتی طور پر شاہ رخ خان کا اُس وقت تک کوئی بڑا مداح نہیں تھا جب تک میں ان سے نہیں ملا تھا۔‘

زین ملک نے کہا کہ ’شاہ رخ خان سے ملنے کے بعد مجھے احساس ہوا کہ وہ کتنے عاجز انسان ہیں، واقعی میں اُن کا ایک مختلف رُوپ دیکھنے کو ملا کیونکہ وہ فلموں میں ہمیشہ تھوڑا سا مغرور نظر آتے تھے۔

اُنہوں نے کہا کہ ’میں جب حقیقت میں شاہ رخ خان سے ملا تو مجھے وہ بہت زیادہ اچھے لگے اور ایک ملاقات نے اُن کے بارے میں میری رائے تبدیل کردی۔‘

گلوکار نے یہ بھی کہا کہ ’اگر آپ کو کبھی اچھی بالی ووڈ فلم دیکھنے کا موقع ملے تو دیوداس دیکھیں کیونکہ اس فلم میں شاہ رخ خان ہیں۔‘

واضح رہے کہ شاہ رخ خان نے زین ملک سے اس وقت ملاقات کی جب وہ 2015 میں لندن میں ایشین ایوارڈز میں شریک ہوئے تھے۔ 

زین ملک کے ساتھ ان کی بہن ڈونیا ملک بھی تھیں۔ شاہ رخ خان اور ڈونیا دونوں نے اپنے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر تصاویر شیئر کی تھیں۔

خیال رہے کہ حال ہی میں زین ملک اور جیجی حدید نے بیٹی کی پیدائش کے 13 ماہ بعد راہیں جدا کرلیں۔

زین ملک نے جیجی سے علیحدگی اختیار کرنے کے حوالے سے ایک طویل پوسٹ شیئر کی تھی۔

تازہ ترین