کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سینئر نائب صدر ایئر وائس مارشل (ر) سید رضی نواب نے کہا ہے کہ ایشین ٹیم ایونٹ میں قومی کھلاڑیوں کی کارکردگی انتہائی شاندار رہی، ٹیم نے نہ صرف کامیابی کی ہیٹ ٹرک مکمل کی بلکہ ٹاپ رینکنگ کھلاڑیوں کو بھی شکست دیکر یہ ثابت کردیا ہے کہ اس کھیل میں ہمارے کھلاڑیوں کا مستقبل روشن ہے، جنگ سے باتیں کرتے ہوئے رضی نواب کا کہنا تھاکہ ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ میں فرحان زمان، فرحان محبوب اور طیب اسلم نے جس کارکردگی کا اس سے بات بڑی حد تک واضح ہوگئی ہے کہ اب ہمارے کھلاڑیوں کو ٹاپ رینکنگ پہنچنے سے نہیں روکا جاسکے گا۔ ہمارے کھلاڑی ملک میں اور ملک سے باہر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ اس کا کریڈٹ یقین فیڈریشن کو جاتا ہے، ہم نے ملک میں انٹرنیشنل اسکواش کے مقابلے بحال کرائے، دو پچیس ہزار ڈالر اور دو پندرہ ہزار ڈالرز انعامی رقم کے ٹورنامنٹس ہماری کوششوں سے ملے۔ پچیس ہزار ڈالرز انعامی مالیت کے دو ٹورنامنٹ چیف آف ایئر اسٹاف ایونٹ اور چیف آف نیول اسٹاف ٹورنامنٹ کا انعقاد ہوگا۔ دریں اثنا سرور سلمان بٹ نے بھی ایشین ٹیم ایونٹ میں عمدہ کارکردگی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ہمارے کھلاڑی اپنی پوری صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں تو انہیں کوئی نہیں ہرا سکتا۔