اسلام آباد( تنویر ہاشمی ) شوگر انڈسٹری کی آئندہ پیداوار ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے ذریعے مانیٹر کی جائے گی ،وزیراعظم عمران خان شوگر انڈسٹری کیلئے ایف بی آر کے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا 23 نومبر کو افتتاح کریں گے، چینی کا تھیلا مینوفیکچرنگ پلانٹ، فیکٹری یا ملز سے باہر لے جایا جاسکے گا نہ ہی مارکیٹ میں فروخت کی اجازت ہوگی۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم ویڈیو لنک کےذریعے اس سسٹم کا باضابطہ افتتاح کریں گے، ملک کی زیادہ تر شوگر انڈسٹری آئندہ دو سے تین روز میں چینی کی پیداوار شروع کر دیں گی۔
ایف بی آر نے چینی کے تھیلوں پر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے ذریعے مہر لگانے کے حوالے سے ایس آر او جار ی کر دیا ہے ، جس کے مطابق ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی مہر کے بغیر11نومبر سے کوئی بھی چینی کا تھیلا مینوفیکچرنگ پلانٹ، فیکٹری یا ملز سے باہر نہیں لے جایا جاسکے گا اور نہ ہی مارکیٹ میں اس کی فروخت کی اجازت ہوگی۔
شوگر انڈسٹر ی سے قبل تمباکو انڈسٹری میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا پہلے سے ہی آغاز ہو چکا ہے، جس کے تحت سگریٹ ، چینی سمیت پانچ اشیاء کی فروخت کی الیکٹرانک مانیٹرنگ کی جائے گی۔
ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کو پانچ صنعتی شعبوں میں نافذ کیا جارہاہے جن میں تمباکو ، چینی ، کھاد ، سیمنٹ اور مشروبات کی صنعت شامل ہے، ابتدائی طور پر تمباکو اور چینی کی صنعت میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا آغاز کر دیا گیا۔