راولپنڈی (ساجد چوہدری،اپنے نامہ نگار سے ) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نےسکریننگ ٹیسٹ میں مبینہ ناکامی پر 6کنٹریکٹ خواتین اساتذہ کو نوکری سے فارغ کر دیا ہے ،ایگزیکٹو آفیسر راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے اس حوالے سےباقاعدہ احکامات جاری کر دیئے ہیں، ذرائع کے مطابق پہلےچار سکولوں کو ایک سکول کے اندر ضم کیا گیا ،اس دوران خواتین اساتذہ کا سکریننگ ٹیسٹ لیا گیا تو پہلے فیز میں کنٹریکٹ پر تعینات چھ خواتین اساتذہ جن میں سے بعض پچھلے 9 سالوں سے کینٹ بورڈ کے پرائمری تعلیمی اداروں میں فرائض سرانجام دے رہی تھیں کو یکم نومبر سے نوکری سے فارغ کر دیا گیا،متاثرہ خواتین کا کہنا تھا کہ انہیں نوکری سے فارغ کرنے کے لیٹرز جاری کر دیئے گئے ہیں اور انہیں کہا گیا ہے کہ وہ اب سکول نہ آئیں ،کینٹ بورڈ کے بعض ذرائع کا کہنا تھا کہ اگلے فیز میں مزید اساتذہ کو فارغ کیا جا رہا ہے جن میں ریگولر اساتذہ بھی شامل ہیں۔ اس حوالے سے ترجمان کینٹ بورڈ قیصر محمود کا کہنا تھا کہ اعلیٰ حکام کے احکامات کے مطابق اساتذہ کی اسکریننگ کی گئی جس میں وہ ناکام رہی ہیں جس پر ان کا کنٹریکٹ ختم کیا گیا ہے ۔