کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے قابل اعتماد لیگ اسپنر یاسر شاہ بدستور ان فٹ ہیں اور بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ کی سیریز میں حصہ نہیں لے سکیں گے، وہ انگوٹھے کی انجری کا شکار ہیں۔ 36سالہ آف اسپنر بلال آصف کو تین سال بعد پاکستان ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ دسمبر2018میں نیوزی لینڈ کی سیریز کھیلنے کے بعد انہیں ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔ انہوں نے پانچ ٹیسٹ میچز میں 16 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ قائد اعظم ٹرافی میں دو سنچریاں بنانے کے باوجود اوپنر عمران بٹ ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ کھلاڑیوں میں بلال آصف کے علاوہ آف اسپنرساجد خان، لیگ اسپنرزاہد محمود، لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی اور محمد نواز بھی شامل ہیں۔ پیر کو قومی سلیکشن کمیٹی نے ٹیسٹ سیریز کے لئے 20 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ اوپنر امام الحق، مڈل آرڈر بیٹر کامران غلام اور آف اسپنر بلال آصف اسکواڈ کا حصہ بن گئے ہیں ۔امام الحق نے گذشتہ رائونڈ میں ڈبل سنچری بنائی تھی۔ دورہ ویسٹ انڈیز سے محروم رہنے والے کامران غلام بھی واپس آگئے ہیں۔ وہ 2020-21 کے سیزن میں قائد اعظم ٹرافی کے ریکارڈ 1249 رنز بنانے کے بعد جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل تھے۔ وہ اس وقت پاکستان شاہینز کے ساتھ سری لنکا میں ہیں جہاں انہوں نے بارش سے متاثرہ دو میچز کی دو اننگز میں 58 ناٹ آؤٹ اور 45 رنز بنائے تھے۔ امام الحق نے قائداعظم ٹرافی کے چار میچز کی پانچ اننگز میں 488رنز بنائے ہیں ۔ امام الحق نے اپنا گیارہواں اور آخری ٹیسٹ نومبر، دسمبر 2019 میں ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا تھا۔ اسکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق ، اظہر علی ، عابد علی، بلال آصف، فہیم اشرف ، فواد عالم، حسن علی، امام الحق، کامران غلام، محمد عباس ،محمد نواز ، نسیم شاہ، نعمان علی، ساجد خان، سرفراز احمد ، سعود شکیل ، شاہین شاہ آفریدی اور زاہد محمود شامل ہیں۔