کراچی (عبدالماجدبھٹی/ اسٹاف رپورٹر) گزشتہ تین ہفتوں سے پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی دکھا رہی تھی اور میڈیا کی تمام تر توجہ ورلڈ کپ پر مرکوز تھی ایسے میں پاکستان میں جاری قائد اعظم ٹرافی اور اس سے قبل قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں بعض افسوس ناک واقعات میں کوچز اور کھلاڑی دست وگریباں تھے اور کئی بار معاملہ گالی گلو چ تک پہنچ گیا۔ حارث سہیل نے فیصل اقبال کو گالیاں دیں ۔
پی سی بی منیجر کی رپورٹ پر کارروائی کرے گا۔ پی سی بی چیئرمین رمیز راجا بھی ان تنازعات سے باخبر ہیں۔ ذرائع کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کوچز کو ملازمت سے ہاتھ دھونا پڑے گا ،کھلاڑیوں پر بھی پابندی لگ سکتی ہے۔
بلوچستان کرکٹ ایسوسی ایشن کے ہیڈ کوچ فیصل اقبال اور ٹیسٹ بیٹسمین حارث سہیل کے درمیان گالی گلوچ ہوئی جس کے بعد فیصل اقبال نے کوچنگ چھوڑی دی ۔ ان کی جگہ راج ہنس کو قائم مقام کوچ بنایا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصل اقبال کے رویے پر حارث سہیل اور عمران بٹ وغیرہ نالاں تھے۔ فیصل اقبال نے پی سی بی کو بتادیا ہے کہ میں ان کھلاڑیوں کو کنٹرول نہیں کرسکتا۔
ادھرسابق ٹیسٹ آل رائونڈر اور سینٹرل پنجاب کے ہیڈ کوچ عبدالرزاق کے بھی کھلاڑیوں سے تعلقات کشیدہ ہیں۔ کامران اکمل کو ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا ہے۔
جنگ کے رابطہ کرنے پرڈائریکٹر ڈومیسٹک ندیم خان نے تصدیق کی ہے کہ ایچ آر اور لیگل ڈپارٹمنٹ ان تنازعات کی تحقیقات کررہا تھا اب تحقیقات میرے اور جنرل منیجر جنید ضیاء کے پاس ہیں ، ٹیم منیجرز کی رپورٹ اہم ہوں گی۔
جو بھی ذمے دار ہوگا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اس سے قبل ایک کوچ کے خلاف ٹیسٹ کرکٹرز شعیب ملک اور محمد حفیظ نے شکایت کی تھی جس کے بعد دونوں کی ٹیم تبدیل کردی گئی تھی۔