کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایک ٹیسٹ کھیلنے والے27سالہ فاسٹ بولر عثمان شنواری نے فرسٹ کلاس کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ البتہ وہ وائٹ بال کھیلتے رہیں گے،گذشتہ ہفتے انور علی نے بھی فرسٹ کلاس کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔ منگل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے لکھا کہ ڈاکٹر اور فزیو کے مشورے کے بعد میں کیریئر کو طول دینے کی خاطر طویل دورانیے کا فارمیٹ چھوڑ رہا ہوں۔ فیصلہ کمر کی انجریز سے بچنے کے لیے کیا ہے۔ عثمان شنواری33 فرسٹ کلاس میچز کھیل چکے ہیں۔انہوں نے 17 ون ڈے انٹر نیشنل اور 16 ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل بھی کھیلے ہوئے ہیں۔ دسمبر 2019 میں پنڈی میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میں انہوں نے آخری بار پاکستان کی نمائندگی کی۔