کوئٹہ (خ ن)عوام کو صحت بخش اور معیاری خوراک کی فراہمی اور ناقص اشیاء خوردونوش کے تدارک کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جاری کارروائیوں کے دوران کوئٹہ میں 8 ، مستونگ میں 3 ، اوستہ محمد میں 3 جبکہ رکھنی میں 9 مراکز پر جرمانے عائد کر دئیے گئے۔ مستونگ شہر میں مراکز کا معائنہ خصوصاً ملک شاپس میں فروخت کیا جانے والا دودھ کا معیار چیک کیا گیا ، مختلف دکانوں سے لئے گئے دودھ کے نمونے ٹیسٹ کرنے پر 3 مراکز کے سیمپلز میں ڈیٹرجنٹ اور یوریا کی ملاوٹ پائی گئی ، بی ایف اے حکام نے تینوں دکانوں پر جرمانے عائد کرتے ہوئے ملاوٹی دودھ اسسٹنٹ کمشنر مستونگ کی موجودگی میں موقع پر تلف کردیا ۔ رکھنی ضلع بارکھان میں بی ایف اے زونل حکام نے صفائی کے ناقص انتظامات سمیت مختلف وجوہات و مجموعی طور پر ایس او پیز کی خلاف پر 2 ہوٹلوں ، 3 سوئٹس اینڈ بیکرز اور 1 پولٹری شاپ جبکہ غیر معیاری فوڈ کلرز اور زائد المیعاد خوردنی مصنوعات برآمد ہونے پر 3 جنرل سٹورز پر جرمانے عائدکئے۔ اوستہ محمد میں زونل ڈائریکٹر بی ایف اے امداد علی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ متفرق مراکز کا معائنہ کیا ، فوڈ سیفٹی ٹیم نے مراکز میں صفائی کے انتظامات و تیار و فروخت کے جانے والے فوڈ آئٹمز کی کوالٹی چیک کی، اس دوران 2 جنرل سٹورز سے ایکسپائرڈ پیکٹ مصالحے اور غیر معیاری فوڈ کلرز برآمد ہوئے جبکہ 1 بیکنگ یونٹ میں صفائی کی صورتحال انتہائی ابتر اور مشینری و بیکنگ ٹریز زنگ آلود پائے گئے جس پر تینوں مراکز کر جرمانہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں بی ایف اے ( ہیڈ کوارٹر ) فوڈ سیفٹی ٹیموں کی جانب سے بدھ کو خیزی چوک اور سیٹلائٹ ٹاؤن کوئٹہ میں قائم کھانے پینے کے مراکز کی چیکنگ کی گئی ، دوران چیکنگ 2 ٹریڈرز ، 2 جنرل اسٹورز اور 1 مصالحہ شاپ کو مختلف وجوہات ایکسپائرڈ خوردنی اشیاء ، غیر معیاری و ممنوعہ قرار دئیے گئے کوکنگ آئل ، ناقص فوڈ کلرز اور ممنوعہ چائنیز نمک و گٹکا پان پراگ کی فروخت پر جرمانہ کیا گیا جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 2 میٹ شاپس اور 1 پکوان ہاؤس کے خلاف ایکشن لیا گیا ، بی ایف اے حکام نے اوپن مارکیٹ سے اشیاء کے معیار کی جانچ و لیبارٹری تجزیہ کیلئے کوکنگ آئل اور مصالحہ جات کے نمونے بھی حاصل کئے۔