• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوابی میں بنجر اراضی کی کاشت کیلئے ٹیوب ویل لگانے اورنہریں بنانے کا فیصلہ

صوابی(نمائندہ جنگ)غازی بروتھا منصوبے سے متاثرہ علاقوں میں خشک سالی کے خاتمے اور قابل کاشت بنجر اراضی کو سیراب کرنے سے متعلق سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی اسدقیصرکی زیر صدارت پیر کے روز اعلیٰ سطح کاایک اجلاس ہوا ۔ جس میں غازی بروتھامنصوبے سے صوابی کی معیشت و زراعت پر پڑنے والے منفی اثرات پر تفصیلی و سیر حاصل تبادلہ خیال کیا گیا اور اس بارے میں کئی ایک اہم فیصلے کئے گئے اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ غازی بروتھامنصوبے کے باعث صوابی سمیت مختلف علاقوں میں پانی کی سطح نیچے چلی گئی جس کے باعث ایک وسیع علاقے کی کھیتی باڑی اور کاشت کاری پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں اور یہ پورا علاقہ ایک عرصے سے خشک سالی کی زد میں ہے ۔اجلاس میں آبپاشی کے شعبے میں اس علاقے میں وزیراعلیٰ پرویزخٹک کی جانب سے ایک ریلیف پیکج پر جامع انداز میں عمل درآمد کے سلسلے میں ایک ٹھوس حکمت عملی مرتب کی گئی جس کے تحت صوابی کے مختلف علاقوں میں زرعی نقصانات کے ازالے کیلئے ڈگ ویل، شمسی توانائی سے چلنے والے ٹیوب ویلوں سمیت مختلف علاقوں میں نہریں بنانے کے لئے فوری عملی اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر اسدقیصر نے متعلقہ اعلیٰ حکام پر زوردیا کہ وہ اس بارے میں فنڈز کے فوری اور منصفانہ استعمال کو یقینی بنانے کے لئے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے اختتام تک فنڈز کے استعمال کو یقینی بنانے کے لئے مالی نظم و نسق کا بطور خاص خیال رکھتے ہوئے ٹینڈر پراسس فوری طورپر شروع کردیں انہوں نے متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ وہ اس بارے میں وقت کا ضیاع کئے بغیر خشک سالی کے خاتمے کے لئے متعلقہ علاقوں میں عملی طور پر کام کاآغاز کردیں اور جو فنڈز دستیاب ہیں ان سے استفادہ کریں تاکہ یہ فنڈز مالی سال کے خاتمے پر ختم ہونے سے بچ جائیں ۔
تازہ ترین