ٹوکیو ( نیوزڈیسک) جاپان کی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ چین اور روس کے بمبار طیاروں نے جاپان کے قریب مشترکہ پرواز کی۔ خبررساں اداروں کے مطابق ٹوکیو حکام کا کہنا ہے کہ 2مشتبہ طیاروں نے جنوبی جاپان میں مرکزی اوکیناوا جزیرے اور میاکو جزیرے کے درمیان پانیوں پر پرواز کی۔ بیان میں کہا گیا کہ جاپانی فضائیہ کے طیاروں کو ہنگامی پرواز کرائی گئی، تاہم چین اور روس کے بمبار طیارے جاپانی فضائی حدود میں داخل نہیں ہوئے۔ یہ تیسرا موقع ہے کہ جب وزارت دفاع نے جاپان کے نزدیک چینی و روسی طیاروں کی مشترکہ پرواز کا دعویٰ کیا ہے۔ دوسری جانب چینی کوسٹ گارڈ زکی جانب سے بحیرہ جنوبی چین میں فلپائنی کشتیوں کا راستہ روکے جانے پر امریکا نے چین کو انتباہ جاری کردیا۔ منیلا حکومت کا کہنا ہے کہ فوج کی جانب سے کرائے پر لی گئی 2کشتیاں اسپراٹلے جزائر میں تعینات دستوں کو رسد پہنچانے جا رہی تھیںکہ چینی کوسٹ گارڈ کی 3کشتیوں نے ان راستہ روکا اور تیز دھار پانی کے ذریعے کشتی غرق کرنے کی کوشش کی۔ ادھر چین نے کارروائی کو اپنی سمندری حدود میں مداخلت قرار دیتے ہوئے جائز کہا ہے۔