کراچی، حیدرآباد، راولپنڈی، اسلام آباد (جنگ نیوز، خبرایجنسی) کراچی، کوئٹہ، پشاور سمیت بڑے شہروں میںگیس کا بحران شدید، گیس پریشر نہ ہونے کے برابر، خواتین کا کھانا پکانا دشوار، ایل پی جی اور لکڑی مہنگی ،شہری دہائیاں دینے لگے۔
تفصیلات کےمطابق کراچی، حیدرآباد، لاہور، فیصل آباد، ملتان ، کوئٹہ اور پشاور سمیت دیگر شہروں میں گیس پریشر انتہائی کم، خواتین کا کھانا پکانا دشوار ہو گیا، ایل پی جی اور لکڑیاں مہنگی ہونے سے شہری دہائیاں دینے لگے
کراچی میں خواتین دیہات کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوگئیں، بچوں کو 2 وقت کا کھانا دینے کیلئے لکڑیوں پر کھانا پکانے لگیں،لانڈھی ، کورنگی، بہادر آباد ، نمائش، لائنز ایریا، گلشن اقبال، صدر، لیاری میں گیس کی لوڈشیڈنگ جاری ہے
نیو کراچی، بفرزون ، اورنگی ٹاون اور بلدیہ ٹاون میں بھی شہریوں کو گیس پریشر میں کمی کی اذیت کا سامنا ہے،ایل پی جی اور لکڑی کی بڑھتی قیمتوں نے توانائی کے متبادل ذرئع سے گزارہ بھی مشکل بنادیا ہے،شہر قائد کے مکینوں نے کہاکہ ہوٹلوں کا کھانا خرید نہیں سکتے، سلنڈر بھی قوت خرید سے باہر ہے، حکومت مسئلے کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے۔
ادھر حیدرآباد میں گیس کی بندش اور پریشر میں کمی کی شکایات سر اٹھانے لگیں، متعدد علاقوں میں گیس کی چوری کا سلسلہ بھی بدستور جاری ہے، اس ضمن میں سوئی سدرن گیس کمپنی کا عملہ تدارک کرنے کے بجائے خاموشی اختیار کیے ہوئے، ضلع حیدرآباد کی چاروں تحصیلوں قاسم آباد، سٹی، لطیف آباد اور تحصیل دیہی کے مختلف علاقوں علمدار چوک، مصطفی ٹاؤن فیز ون، فیز ٹو، صدر، پکوڑا چوک، نسیم نگرچوک اور دیگر علاقوں میں صبح سویرے اور رات کو گیس کا پریشر کم ہونا معمول بن گیا ہے
جس کی وجہ سے ناشتہ اور رات کا کھانا بنانے میں خواتین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور متعدد علاقوں میں بچے بغیر ناشتے کے تعلیمی اداروں میں جانے پر مجبور ہیں، بیشتر علاقوں میں شہری لکڑیوں پر آگ جلاکر بچوں کے لیے ناشتہ پکاکران کو اسکول کے لیے روانہ کررہے ہیں۔