ویانا (اکرم باجوہ) آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں سری لنکن سفارت خانہ اور آسٹرین کرکٹ بورڈ کے زیرِ انتظام 21 ڈسٹرکٹ کے مقامی کرکٹ گراؤنڈ میں ایک روزہ ایمبیسی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کھیلا گیا جس میں پاکستان ، بھارت ، بنگلہ دیش ، آسٹریلیا ، برطانیہ ، نیوزی لینڈ ، جنوبی افریقہ سمیت تمام ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے ملکوں کی ٹیموں نےحصہ لیا ۔سفارتخانہ پاکستان کی ٹیم میں اسٹاف سمیت متعلقہ پاکستانی کمیونٹی کے کھلاڑیوں نے بھی حصہ لیا۔ فائنل میچ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا گیا، پاکستان نے سری لنکا کی ٹیم کو 10 وکٹوں سے شکست دےکر پہلا ایمبیسی کپ جیت لیا۔ ایمبیسی کرکٹ کپ جیتنے کی خوشی میں سفیرِ پاکستان آفتاب احمد کھوکھر نے اپنی رہائش گاہ پاکستان ہاؤس 19 ڈسٹرکٹ ویانا میں آسٹرین نیشنل ٹیم میں شامل پاکستانی کھلاڑی جنہوں نے ایمبیسی کرکٹ کپ ٹورنامنٹ میں حصہ لیا تھا کے اعزاز میں تقریب منعقد کی۔آسٹرین کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اشفاق احمد،محمد عاصم ،ایمبیسی کپ ٹیم کے کپتان ہیڈ آف چانسری لیاقت علی وڑائچ آل پاکستان پریس کلب آسٹریا کے چیئرمین اکرم باجوہ،صدر غلام حسین نقوی اور دیگر پاکستانی صحافی تقریب میں شریک تھے۔تقریب میں کمیونٹی افیئرز قونصلر ہمایوں شبیر جوئیہ اور سفارت خانہ ویانا کے اسٹاف ممبران بھی شریک تھے۔سفیر پاکستان نے مہمانوں کو پاکستان ہاؤس میں خوش آمدید کہا اور صحافیوں اور پاکستان کے کھلاڑیوں کی اپنے اپنے شعبوں میں پاکستان کا نام بلند کرنے پر تعریف کی اور اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔صحافیوں اور پاکستانی کھلاڑیوں نے سفیرِ پاکستان کی جانب سے تقریب اور لنچ کا اہتمام کرنے پر شکریہ ادا کیا۔