• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلہ دیش سے ٹیسٹ سیریز، پاکستان کرکٹ ٹیم نئے محاذ پر پہنچ گئی، چٹاگانگ میں پڑاؤ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈھاکا میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز میں ہوم سائیڈ کو زیر کرنے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم نے نئے محاذ پر پہنچ کر چٹاگانگ میں پڑاؤ ڈال لیا۔ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف تینوں میچز میں ڈھاکا کے تماشائیوں نے بھرپور سپورٹ کیا۔ کورونا کے دنوں میں ہم نے اسٹیڈیم میں کراؤڈ کو بہت مس کیا ہے۔ پاکستانی ٹیم بدھ سے ٹیسٹ سیریز کی تیاری کے لئے پریکٹس شروع کرے گی دونوں ٹیسٹ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔ منگل کو چٹاگانگ پہنچنے پر ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک سال میں 17 ٹی ٹوئنٹی میچز میں کامیابیوں پر بہت خوشی ہے، یہ سب ٹیم کی محنت کا ثمر ہے، جیت کے حصول کے لیے ضروری ہے کہ پہلے اپنی خامیوں کی نشاندہی کی جائے، ہمیں فیلڈنگ اور لوئر مڈل آرڈر میں بہتری کی ضرورت تھی۔ گذشتہ چند ماہ میں ہماری فیلڈنگ بہت بہتر ہوئی ہے، لوئر مڈل آرڈر میں بھی میچ فنش کرنے کی عادت آرہی ہے۔ بحیثیت کپتان اپنے کھلاڑیوں کو صرف ان کا رول کلیئر بتاتا ہوں ، کرکٹ ایک کھیل ہے، جہاں اچھے اور برے دن آتے رہتے ہیں مگر ہم اپنی محنت جاری رکھیں گے۔ میں اس سیریز میں توقعات کے مطابق بیٹنگ نہیں کرسکا، خوشدل شاہ، فخر زمان اور محمد نواز نے بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، کوشش کریں گے ٹیسٹ میں بہتر کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں۔ دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کے بعد گرائونڈ میں موجود ٹرافی پاکستانی ٹیم کو نہیں دی گئی۔ بی سی بی کے میڈیا منیجر ربید امام کا کہنا ہے کہ ٹرافی ٹیسٹ سیریز کے بعد پاکستان کو دی جائے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر قومی کرکٹ ٹیم کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جوکہ گزشتہ روز ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بنگلہ دیش کو کلین سوئپ کرنے کے بعد بنائی گئی ہے۔ تصویر ٹرافی کے بغیر ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین دستیاب نہیں تھے جس کی وجہ سے گزشتہ روز پاکستان ٹیم کو ٹرافی نہیں دی گئی، لہٰذا ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر اُن کے ہاتھوں سے ہی پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی سیریز کی وننگ ٹرافی دی جائے گی۔ ربید نے کہا کہ کھلاڑی ببل میں تھے اور ٹرافی انہیں اس وقت دی جائے گی جب وہ ببل سے باہر نکلیں گے۔

تازہ ترین