کوئٹہ ، بارکھان ، سوراب (خ ن)صوبہ بھر میں عوام کو محفوظ و ملاوٹ سے پاک اشیاءخوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جاری کارروائیوں کے دوران کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں 7 ، ضلع بارکھان میں 10 جبکہ سوراب میں 5 کھانے پینے کے مراکز پر جرمانے عائد کر دئیے گئے۔ کوئٹہ میں بی ایف اے کی جانب سے غیر معیاری و ممنوعہ قرار دئیے گئے کوکنگ آئل کا کاروبار کرنے پر اسپنی روڈ میں 4 ہولسیل ٹریڈرز کو جرمانہ کیا گیا، دوران چیکنگ ایک جنرل اسٹور سے زائد المیعاد خوردنی مصنوعات اور مختلف مشروبات برآمد ہوئیں ، سریاب روڈ میں ایک مصالحہ شاپ سے ایکسپائرڈ مصالحے و چائنیز نمک جبکہ ایک جنرل اسٹور سے زائد المیعاد پیکٹ دودھ ، ناقص فوڈ کلرز اور گٹکاپان پراگ پکڑا گیا ، جس کی بناء پر مذکورہ مراکز کے خلاف ایکشن لیا گیا۔ مزید برآں بی ایف اے زونل ٹیموں کی جانب سے بھی مضر صحت اشیاء خوردونوش کے تدارک کیلئے مختلف اضلاع میں مراکز کا معائنہ بلا تعطل جاری ہے ، منگل کو بارکھان میں 5 ہوٹلوں کو صفائی کے انتظامات بہتر نہ کرنے سمیت مختلف وجوہات، کھانوں میں غیر معیاری فوڈ کلرز کے استعمال ، گندے فریزرز ، باسی سبزیاں و گوشت برآمد ہونے اور ملازمین کی ذاتی صفائی نہ ہونے پر جبکہ 4 جنرل اسٹورز کو ایکسپائرڈ کھانے پینے کی اشیاء و ممنوعہ خوردنی تیل کی فروخت پر جرمانہ کیا گیا ، اسی طرح سوراب میں بی ایف اے زونل حکام نے مراکز کا معائنہ کرتے ہوئے ایس او پیز کی خلاف ورزی و کھانوں میں ناقص اور ممنوعہ اشیاء شامل کرنے پر 3 ہوٹلوں جبکہ زائد المیعاد کولڈڈرنکس ، مصالحے اور چائے کی پتی برآمد ہونے پر 3 جنرل اسٹورز پر جرمانے عائد کئے۔ کوئٹہ میں بی ایف اے کی معائنہ ٹیموں نے معیار کی جانچ و لیبارٹری تجزیئے کیلئے مختلف برانڈز کے بوٹلڈ واٹر ، انرجی ڈرنک اور ڈیری پراڈکٹس کے سیمپلز بھی حاصل کئے۔