• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں 10 ماہ کے دوران پولیو وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، بریفنگ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان پولیو فری اسٹیٹ سرٹیفکیٹ سے 26 ماہ کی دوری پر ہے، ملک میں گزشتہ 10 ماہ میں وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کا اجلاس ہوا ہے۔

اجلاس میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر، گورنر اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، وزیراعلیٰ پنجاب، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان، وزیر صحت بلوچستان، انجینئر ان چیف پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز، چیف سیکریٹریز، ڈبلیو ایچ او، یونیسیف، سی ڈی سی، گاوی، بل اینڈ میلنڈا گیٹس کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

دوران اجلاس وزیراعظم نے کہا کہ بچوں کے دیگر ایمیونائزیشن پروگرامز کو بھی انسداد پولیو مہم کے ساتھ چلایا جائے گا۔

اجلاس کے شرکاء کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ اگلے 5 برسوں کے لیے 798 اعشاریہ 6 ملین ڈالر کا پی سی ون منظوری کےلیے تیار ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں پولیو وائرس افغان مہاجرین کے ذریعے داخل ہوتا ہے، سال 2020 ء میں پولیو کے 84 کیس رپورٹ ہوئے۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ گزشتہ 10ماہ میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، پاکستان کو 36 ماہ بغیر پولیو کیس رپورٹ کرنے کے بعد ’پولیو فری‘ سرٹیفکیٹ مل جائے گا۔

اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ ’پولیوفری‘ سرٹیفکیٹ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کی طرف سے دیا جائے گا۔

شرکاء کو انجینئران چیف پاکستان آرمی نے پولیو ٹیموں کو فراہم سیکیورٹی سے آگاہ کیا۔

بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں نے انسداد پولیو مہم کی موثر قیادت پر وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا اور حکومت پاکستان کے انسداد پولیو اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا۔

تازہ ترین