• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سڑکوں کو کترینہ کے گالوں سے تشبیہ دینے پر راجستھان کے وزیر پر تنقید

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)راجستھان کے وزیر راجندر سنگھ گودھا کو اپنے اس ویڈیو کلپ کی وجہ سے کڑی تنقید کا سامنا ہے جس میں وہ یہ کہتے ہوئے نظر آ رہے ہیں کہ ان کے حلقے کی سڑکیں کترینہ کیف کے گالوں کی طرح ہونی چاہئیں۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست راجستھان کے وزیر راجیندرا سنگھ گودھا نے اچھی سڑکیں بنانے کیلئے بولی وڈ اداکارہ کترینہ کیف کے رخساروں کی مثال دی۔خیال رہے کہ راجیندرا سنگھ عوام سے خطاب کررہے تھے جس کےدوران عوام نے ان سے مطالبہ کیا کہ ہمارے علاقے کی سڑکیں جلد از جلد ٹھیک ہونی چاہئیں۔عوام کے اس مطالبے پر بھارتی وزیر نے وہاں موجود محکمہ تعمیرات کے چیف انجینئر سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ سڑکیں کترینہ کیف کے گالوں کی طرح ہموار اور ملائم بننی چاہئیں۔راجستھان کے وزیر کا یہ ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے اور سوشل میڈیا صارفین ان کے اس بیان کو ’نامناسب‘ قرار دیتے ہوئے ان پر تنقید کر رہے ہیں۔صارفین کانگریس کی جنرل سیکرٹری پرینکا گاندھی جنہوں نے آئندہ اسمبلی انتخابات میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ نمائندگی اور خواتین کے مسائل کو اجاگر کرنے کا عہد کیا ہے، سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ اس بیان پر اپنا ردعمل دیں۔یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب اداکاراؤں کے گالوں کی مثال سڑکوں کیلئے دی گئی ہو،اس سے قبل 2005 میں سابق بھارتی وزیر لالو پرساد یادو نے کہا تھا کہ بہار کی سڑکیں اداکارہ ہیما مالنی کے گالوں کی طرح بنائی جائیں۔

تازہ ترین