برمنگھم (صباح نیوز)برطانوی ممبر پارلیمنٹ اور چیئرپرسن آل پارٹیز پارلیمانی کمیٹی فار کشمیرڈیبی ابراہم نے سرینگر میں انسانی حقوق کے رضا کار خرم پرویز کی بھارتی سیکورٹی فورسز کی طرف سے ماورائے عدالت قتل عام پر تنقید کرنے کی پاداشت میں گرفتاری کو افسوسناک اور قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے نہتے کشمیریوں کے قتل عام پر ہر کوئی بات کرسکتاہے،ان خیالات کااظہارانھوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کیا۔اس حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے تحریک کشمیربرطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے کہاکہ ڈیبی ابراہم نے کشمیریوں کی آواز بلند کی ہے جس پر اہل کشمیران کاشکریہ ادا کرتے ہیں،انھوں نے کہاکہ برطانیہ میں لاکھوں تارکین وطن اپنے اپنے علاقے کے ممبران پارلیمنٹ کو متوجہ کریں کہ وہ کشمیریوں کے قتل عام پر آواز بلند رکریں،فہیم کیانی نے کہاکہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں،خود حقوق انسانی کیلئے کام کرنے والے رضا کار بھی محفوظ نہیں ہیں،اس سے اندازلگانا مشکل نہیں ہے کہ عام کشمیریوں کے ساتھ کیسا سلوک کیاجارہاہے۔کشمیر ی اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنا حق مانگ رہے ہیں۔