• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خرم پرویز کی گرفتاری قابل مذمت ہے، علی رضا سید

برسلز ( حافظ انیب راشد) چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے معروف علم بردار خرم پرویز کی گرفتاری کو قابل مذمت اقدام قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ بھارتی سیکورٹی ایجنسی کے اہلکاروں نے جبری گمشدگیوں کے خلاف ایشین فیڈریشن کے چیئرمین خرم پرویز کو سری نگر میں گرفتار کیا۔ سیکورٹی اہلکاروں نے کئی گھنٹوں تک سری نگر کے دو مقامات پر واقع خرم پرویز کے گھر اور ان کے دفتر کی بھی تلاشی لی۔ علی رضا سید نے کہاکہ خرم پرویز مقبوضہ کشمیر میں طویل عرصے سے انسانی حقوق کی پامالیوں کی نشاندہی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرکے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر پردہ نہیں ڈال سکتا۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ بھارت کی سیکورٹی فورسز مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کے خلاف جنگی جرائم میں ملوث ہیں،ہم دنیا کے سامنے بھارت کا اصل بھیانک چہرہ بے نقاب کرتے رہیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو خرم پرویز کی رہائی کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالنا چاہیے، عالمی برادری بشمول یورپی یونین اور اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر کی گھمبیر صورتحال کا فوری نوٹس لے۔ واضح رہے کہ خرم پرویز انسانی حقوق کے حوالے سے عالمی ایوارڈ یافتہ ہیں، ان کے ایک قریبی عزیز پرویز امروز ایڈوکیٹ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے طویل جدوجہد پر ناروے کا مشہور "رفتو" ایوارڈ بھی لے چکے ہیں۔ خرم پرویز اور ان کے ادارے سے وابستہ ٹیم مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے بارے میں متعدد رپورٹیں شائع کرچکے ہیں، کشمیرکونسل ای یو ان کی جاری کردہ رپورٹوں کو اقوام متحدہ اور یورپی پارلیمنٹ سمیت اہم یورپی اداروں کو ارسال کرچکی ہے، خرم پرویز انسانی حقوق کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے بلجیم سمیت متعدد ملکوں کا دورہ کرچکے ہیں، وہ چند سال قبل کشمیرکونسل ای یو کی دعوت پر یورپی پارلیمنٹ میں ایک کانفرنس میں بھی شریک ہوچکے ہیں۔
تازہ ترین