پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا خواتین پر تشدد کے خلاف عالمی دن کے موقع پر کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی خواتین کے خلاف تشدد پر صفر برداشت رکھتی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے خواتین پر تشدد کے خلاف عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خواتین اور لڑکیوں پر تشدد قانونی طور جرم اور انصاف پر کھڑے کسی بھی معاشرے کے لیے ناقابل قبول ہے، پی پی پی حکومتوں اور خود پارٹی نے ہمیشہ مضبوط خواتین، مضبوط پاکستان کے نعرے کی پیروی کی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسی نعرے کے تحت خواتین کے ہر شعبے میں کردار کو مظبوط بنانے کے کے لیے نمایاں اور انقلابی اقدام اٹھائے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی پی ملک کی واحد پارٹی ہے، جہاں خواتین کو صنفی امتیاز کے بغیر زیادہ تحفظ، احترام اور حوصلہ افزائی ملتی ہے، پیپلز پارٹی نے خواتین کو وزیر اعظم، اسپیکر اور وزراء جیسے اہم عہدوں پر منتخب کرایا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ججز، پولیس افسران اور اس جیسے اہم عہدوں پر خواتین کی مقرریوں کے لیے راستے کھولے، وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے فرسٹ ویمن بنک اور اُنہوں خواتین کے لیے علحیدہ پولیس اسٹیشنز بھی قائم کیے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کے تحفظ اور وقار کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ مساوی مواقع پیدا کرنے کے لیے جدوجہد جاری رکھی گی۔