سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز نےکہا ہے کہ عوام کو پٹرول کے لیے قطاروں میں کھڑا کردینا ظلم ہے۔
پٹرول بحران پر بیان میں مریم نواز نے کہا کہ عوام کو آٹا چینی اور اب پٹرول کے لیے قطاروں میں کھڑا کر دینا صرف بے حسی اور نااہلی نہیں ہے، یہ ظلم کی انتہا ہے، خلقِ خدا رُل رہی ہے، تڑپ رہی ہے مگر مجال ہے، ظالم حکومت کو کوئی فرق پڑے۔
ن لیگی نائب صدر نے مزید کہا کہ ایک دن بھی عوام پر ظلم و قیامت ڈھانے والے عمران خان کو عوام کی تکلیف پر پریشان ہوتے نہیں دیکھا۔
اُن کا کہنا تھا کہ لاہور، اسلام آباد، گوجرانوالا کی تصاویر صرف پٹرول کےلیے قطاروں کی نہیں، یہ تصاویر عوام کے کرب، تکلیف اور بے بسی کی داستان ہے۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ میری دعا ہے انہی قطاروں میں عمران خان، اسے مسلط کرنے والےاور وزرا بھی کھڑے ہوں، تاکہ انھیں پتہ چلے کہ عوام پر کیا قیامت ٹوٹی ہے۔