• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چاقو زنی سے اموات کا سدباب، میٹ پولیس کا پرتشدد جرائم کیخلاف آپریشن، 1000 افراد گرفتار

لندن (سعید نیازی) چاقوزنی کے سبب ہونے والی اموات کو روکنے کیلئے برطانیہ کی سب سے بڑی پولیس فورس میٹروپولیٹن پولیس نے ایک ہفتہ طویل آپریشن سیپٹر Sceptre کے دوران تقریباً ایک ہزار افراد کو حراست میں لیا اور 300کے قریب چھریاں قبضے میں لیں۔ پرتشدد جرائم کے خلاف ہونے والے اس آپریشن میں پولیس افسران نے جرائم سے متاثرہ علاقوں میں گشت کیا اور کارروائیاں کیں۔ مغربی لندن میں بدھ کی شب ہونسلو کے علاقے میں 16 سالہ لڑکے کے قتل کے بعد رواں برس قتل کئےجانے والے نوجوانوں کی تعداد 28 ہو گئی ہے۔ واضح رہے کہ 2008ء میں29نوجوانوں کا قتل ایک ریکارڈ ہے لیکن خدشہ ہے کہ رواں برس یہ ریکارڈ بھی ٹوٹ جائے گا۔ لندن میں رواں برس قتل کئے جانے والے 28 نوجوانوں میں سے 24 کو چاقو مار کر قتل کیا گیا ہے۔ آپریشن سیپٹر کی قیادت کرنے والے سپرنٹنڈنٹ جم کوربٹ نے کہا ہے کہ چاقو حملے میں متاثرہ خاندان اور کمیونٹیز مکمل طور پر تباہ ہو جاتے ہیں ،اس لئے اس سے نمٹنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ لندن کی شاہراہوں کو محفوظ بنانے کیلئے ہمارے افسران پرتشدد جرائم میں ملوث افراد کو اپنا ہدف بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ کا مستقل حل تلاش کرنے کیلئے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا کیونکہ محفوظ معاشرے کی تشکیل ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔

تازہ ترین