بھارتی ریاست راجستھان میں ایک پولیس کانسٹیبل کو خطرناک اور مطلوب مجرموں کو شادی میں شرکت کی اجازت دینے پر ملازمت سے نکال دیا گیا۔
ملازمت سے نکالے گئے کانسٹیبل اشوک بشنوئی ضلع جھالاوار میں تعینات خصوصی ٹیم کا حصہ تھے، یہ فیصلہ شادی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سامنے آیا۔
اشوک بشنوئی کی شادی ناگور میں ہوئی جس میں مبینہ طور پر راجستھان اور مدھیہ پردیش کے متعدد مجرموں نے بھی شرکت کی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں کئی افراد کو دولہا کے ساتھ تصویریں بنواتے اور تقریب کے دوران کرنسی نوٹوں کی بارش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی جھالاوان کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے انکوائری کا حکم دیا تھا اور ابتدائی تحقیقات کے بعد کانسٹیبل کو فوری طور پر برطرف کر دیا گیا۔