کابل(نیوز ڈیسک)چیئرمین افغان کرکٹ بورڈ میر واعظ اشرف کا کہنا ہے کہ افغانستان میں خواتین کو کرکٹ کھیلنے کی اجازت ہے۔افغان کرکٹ بورڈ کے نومنتخب چیئرمین میر واعظ اشرف نے گزشتہ روز اسٹاف میٹنگ میں کہا کہ خواتین کی کرکٹ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی بڑی ضروریات میں سے ایک ہے اور ہم اس پر کام کرنے کیلئے پُرعزم ہیں۔میر واعظ اشرف کا مزید کہنا تھا کہ ہماری خواتین ٹیم معمول کے مطابق کرکٹ کھیلے گی اور ہم خواتین کرکٹرز کی تمام بنیادی ضروریات پوری کریں گے اور انہیں سہولتیں فراہم کریں گے۔اس سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے افغانستان میں طالبان کی جانب سے خواتین کھلاڑیوں پر پابندی لگائے جانے کے بعد کرکٹ معاملات کی دیکھ بھال کیلئے ایک ورکنگ گروپ تشکیل دیا تھا اور کر کٹ آسٹریلیا نے کہا تھا کہ اگر ویمن کرکٹ کو افغانستان میں سپورٹ نہیں کیا جائے گا تو افغانستان کی میزبانی نہیں کریں گے۔