• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہندو جیم خانہ کیس، سپریم کورٹ میں سیکرٹری کلچر اور کمشنر کراچی کی سرزنش

کراچی (صباح نیوز/ اسٹاف رپورٹر ) سپریم کورٹ نے ہندو جیم خانہ سے ناپا کو متبادل جگہ دینے کے لئے حکومت سندھ سے رپورٹ طلب کرلی۔ چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں لارجر بنچ نے ہندو جیم خانہ کیس کی سماعت کی اس موقع پر سیکرٹریکلچر اور کمشنر کراچی عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے سیکرٹری کلچر اور کمشنر کراچی کی سرزنش کی عدالت نے سیکریٹری کلچر سے استفسار کیا گزشتہ عدالتی حکم پر اب تک کیا عمل درآمد ہوا ہے؟۔ کمشنر کراچی نے بتایا ڈپٹی کمشنر سے رپورٹ مانگی ہے مگر ناپا کے لئے شہر کے مرکز میں کوئی مناسب جگہ نہیں ملی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے آپ کو ڈی سی نے کلرک نے کیا کہا ہمیں اس سے غرض نہیں آپ اپنی رپورٹ دیں۔ آپ ہماری بات نہیں سمجھ رہے آپ کرکیا رہے ہیں آپکو پتہ نہیں کہ عدالت کا حکم کیا تھا۔ چیف جسٹس نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو روسٹرم پر طلب کرلیا۔ ایڈووکیٹ جنرل نے موقف دیا کہ مرکز میں ایسی کوئی مناسب جگہ نہیں ہے ہمیں مہلت دی جائے ناپا سے مل کر کوئی بہتر تجاویز پیش کرسکیں۔ عدالت نے ایک ماہ میں سندھ حکومت سے ناپا کو متبادل جگہ دینے سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔

تازہ ترین