• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈسکہ الیکشن چوری، ملوث افسروں کے خلاف کارروائی کی جائے، شہباز شریف کا چیف الیکشن کمشنر کو خط

لاہور(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہبازشریف نے ایک خط کے ذریعے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈسکہ الیکشن چوری کرنے میں ملوث افسران اور عملے کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ۔ پس پردہ رہ کر انتخابی دھاندلی کرانے، غیر قانونی ہدایات دینے والے وفاقی اور صوبائی حکومت کے ذمہ داروں کو بے نقاب کرکے ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے، پارٹیوں سے مشاورت کرکے قواعد، طریق کار ،ضابطہ اخلاق میں ترامیم کی جائیں ۔شہبازشریف نے خط میں لکھا کہ این اے 75 سیالکوٹ ضمنی الیکشن پر فیکٹ فائنڈنگ رپورٹس جاری ہوچکی ہیں ۔پریذائیڈنگ افسران، انتخابی عملہ، ڈی سی اور ڈی پی او سیالکوٹ مس کنڈکٹ اور غیرقانونی سرگرمیوں کے مرتکب پائے گئے، ملوث افراد نے نتائج کو حکومت کے حق میں موڑنے کے لئے انتخابی عمل پامال کیا اور انتخابی عملے کو غیرقانونی احکامات دے کر مجرمانہ طرز عمل کا ارتکاب کیا۔ رپورٹ سے ثابت ہوا کہ سرکاری افسر کی رہائش گاہ پر حکومتی اہلکاروں کے ساتھ مسلسل اجلاس ہوتے رہے، ان ملاقاتوں میں ایک مشیر وزیراعلیٰ اور وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کا افسر بھی شریک ہوتے رہے، پولیس ڈی ایس پیز اور دیگر پولیس اہلکار بھی انتخابی ڈیوٹی انجام دیتے رہے، قانونی، انتخابی اور سکیورٹی پلان کی خلاف ورزیاں کی گئیں، انتخابی دھاندلی اور ووٹ چوری سے پاکستان کے جموری نظام پر دھبہ لگا ہے۔

تازہ ترین