• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور: پتنگ کی قاتل ڈور نے بائیک سوار کی جان لے لی


لاہور میں تمام تر حکومتی ہدایات اور انتظامیہ کی کوششوں کے باوجود پتنگ بازی کا سلسلہ نہ رک سکا، شالیمار لنک روڈ پر قاتل ڈور نے ایک اور شہری کی جان لے لی۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی۔

موٹر سائیکل سوار اسد شالیمار لنک روڈ پر جا رہا تھا کہ ڈور اس کے گلے پر پھر گئی، زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے اسد دم توڑ گیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز احسن یونس نے واقعے پر ایس ایچ او مغل پورہ سعید انور کو معطل کر دیا جبکہ ایس پی سول لائن کو واقعے کی انکوائری کا حکم دے دیا۔

لاہور میں اس سے قبل بھی پتنگ کی ڈور پھرنے سے ہلاکت کے متعدد واقعات رونما ہوچکے ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے اور پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عمل درآمد کرانے کا حکم دیا ہے۔

ادھر واقعے کے بعد آئی جی پنجاب راؤ سردار نے پتنگ فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب نے حکم دیا ہے کہ لاہور، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد، گوجرانولہ سمیت بڑے شہروں میں پتنگ فروشوں کے خلاف آپریشن کیا جائے۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ شالیمار لنک روڈ پر ڈور سے شہری کی ہلاکت پر افسوس ہے، پتنگ بازی پر فیلڈ افسران کے ساتھ سپروائزری افسران کو بھی جواب دینا ہو گا۔

تازہ ترین