• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھ برادری اپنے مذہبی مقامات کی زیارت کیلئے زیادہ تعداد میں پاکستان آئے، چوہدری محمد سرور

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹ لینڈ میں سکھوں کے ایک نمائند وفد نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات کی اور حکومت پاکستان کی ان کوششوں کا شکریہ ادا کیا، جو وہ کرتار پور، ننکانہ صاحب اور دیگر عبادت گاہوں کی حفاظت، ان کی بہتری اور زائرین کو سہولتیں مہیا کرنے کے سلسلہ میں کررہی ہے۔ ان رہنمائوں نے کرتار پور کی تزئین و آرائش، علاقے کی سڑکوں کی بہتری اور ترقی کے دیگر کاموں میں خصوصی دلچسپی لینے پر گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پرگورنر پنجاب نے وفد کو بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت پاکستان میں سکھوں اور دیگر تمام مذاہب کے لوگوں کو ہر ممکن سہولت مہیا کرنے کے لیے کوشش کررہی ہے اور اس وقت پاکستان میں اقلیتیں بالکل محفوظ ہیں۔ گورنر پنجاب نے مزید بتایا کہ حکومت پاکستان مذہبی سیرو سیاحت کو بھی فروغ دے رہی ہے اور پوری دنیا سے سکھ زائرین پاکستان آرہے ہیں۔حکومت نے بابا گورو نانک کے نام پر مختلف تعمیرات کرنے کا پروگرام بنا رکھا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہاکہ حکومت پاکستان نے وزیراعظم عمران خان کی ویژن کے مطابق دس ارب درخت لگانے کی مہم شروع کر رکھی ہے، جس پر سکھ یوتھ فورم نے اعلان کیا کہ وہ بابا گورو نانک کی سالگرہ کے موقع پر سکھوں کے مذہبی مقامات پر خاصی تعداد میں نئے درخت لگائیں گے اور وزیراعظم کی درخت لگانے کی مہم میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔ گورنر پنجاب نے دنیا بھر کے سکھوں کو پیغام دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں پاکستان آئیں اور اپنے مذہبی مقامات کی زیارت کریں۔ حکومت پاکستان ان کی اس سلسلہ میں پوری پوری مدد کرے گی۔

تازہ ترین