• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہلی کالونی میں غیرقانونی تعمیرات، متعلقہ افسران کیخلاف کارروائی مکمل کرنے کا حکم

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے دہلی کالونی میں غیر قانونی تعمیرات پر چار ہفتے میں کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ حکام کو متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی مکمل کرنے اور ریٹائرڈ ملازمین و افسران کا معاملہ نیب کو ارسال کرنے کا حکم دیدیا، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر فیصلے پر عمل نہ ہوا تو ڈائریکٹر ملٹری لینڈ پر توہین عدالت لگائیں گے، دہلی کالونی میں 66 اسکوائر یارڈ پر قائم 6 منزلہ عمارت بنانے سے متعلق کیس کی سماعت کی ،عدالت نے غیر قانونی حصہ گرانے کا بھی حکم دیتے ہوئے تجاوزات آپریشن میں رکاوٹ ڈالنے والوں کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کردی، عدالت نے استفسار کیا کہ بتائیں کیا کارروائی کی اپنے افسران کیخلاف؟ وکیل کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ نے کہا کہ معاملہ ڈائریکٹر ملٹری لینڈ کو منتقل کر دیا گیا ہے، سپریم کورٹ میں ان دنوں ملٹری لینڈ سے متعلق کیس چل رہا ہے، عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو ایک ماہ پہلے اپنے ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کا حکم دیاتھا ، وکیل کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ نے کہا کہ ذمہ داران کے خلاف چارج شیٹ فریم کریں گے کچھ وقت درکار ہے، جسٹس فیصل کمال عالم نے ریمارکس دیئے آپ کے کون کون سے افسران ذمہ دار قرار پائے؟ وکیل نے کہا کہ کچھ ملازمین ریٹائرڈ ہو چکے، جسٹس فیصل کمال عالم نے ریمارکس دیئے جو ریٹائرڈ ہو گئے، ان کے خلاف معاملہ نیب بھیجیں، جو حاضر سروس ہیں ان کے خلاف کارروائی کریں، چار ہفتے کا وقت دے رہے ہیں، بتائیں کیا پیش رفت ہوئی، عمارت گرائیں اور ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کریں۔

تازہ ترین