• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اومیکرون، عالمی معیشت کی بحالی کو خطرہ برقرار، اسٹاک مارکیٹس اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ

لندن (اے ایف پی، جنگ نیوز) اقتصادی تعاون کی عالمی تنظیم آرگنائزیشن فار اکنامک کوآپریشن اینڈ ڈیولپمنٹ (او ای سی ڈی) نے بدھ کے روز خبردار کیا ہے کہ اومیکرون سے عالمی معیشت کی بحالی کو خطرہ ہے

38 صنعتی ممالک کی اقتصادی تعاون تنظیم نے 2021 کیلئے شرح ترقی کے ہدف میں کمی کرتے ہوئے ویکسینز کیلئے مہم چلانے کا مطالبہ کیا ہے، عالمی اقتصادی تنظیم نے عالمی معاشی ہدف 5.7سے کم کرکے 5.6مقرر کردیا

دوسری جانب دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹس میں بدھ کے روز اضافے کا رحجان رہا جبکہ تیل کی قیمتوں میں تین فیصد اضافہ ہوا ہے، برینٹ کروڈ کی قیمت 71.59 ڈالر فی بیرل ہوگئی جبکہ امریکا میں تیل کی قیمت 68.19 ڈالر ہوگئی.

یورپی اسٹاک مارکیٹوں میں اضافے کےرحجان کا اثر ایشیائی منڈیوں پر بھی پڑا، ٹوکیو، ہانگ کانگ ، سنگاپور، سیئول ، ویلنگٹن ، ممبئی ، بینکاک اور تائپے کی اسٹاک مارکیٹس میں اضافے کا رحجان رہا ، کورونا کی ویکسین بنانے والی کمپنیوں کے سربراہان کے مختلف بیانات اسٹاک مارکیٹس میں اضافے کی وجہ بنے ہیں۔

کچھ سربراہان نے موجودہ ویکسین کو اومیکرون کیخلاف غیر موثر قرار دیا تھا تاہم چند کمپنیوں کا کہنا ہے کہ وہ کورونا کی نئی قسم سے لڑنے کیلئے بوسٹر ڈوز تیار کررہے ہیں، کمپنیوں میں بوسٹر ڈوز کی تیاری کیلئے مقابلہ شروع ہوگیا ہے ۔ قبل ازیں امریکی اسٹاک مارکیٹوں وال اسٹریٹ اور ڈاو میں کاروبار کا آغاز 0.8 فیصد اضافے سے ہوا۔

بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں کمی دیکھی گئی جبکہ اس سے قبل اس کی قدر میں اضافہ ہوا تھا۔

کورونا کی نئی طاقتور قسم اومیکرون کے سامنے آنے کے بعد سے سرمایہ دار گزشتہ ایک ہفتے سے گومگوں کی کیفیت کا شکار ہیں، جس کی وجہ کئی ممالک کی معاشی صورتحال کا غیر واضح ہونا، تازہ سفری پابندیوں کا اعلان اور مارکیٹوں کی غیر یقینی صورتحال ہے۔

سرمایہ کار اب بھی عالمی معیشت اور ممکنہ طور پر نئے لاک ڈاونز کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں تاہم سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ وہ کورونا کی نئی قسم پر مزید تحقیق کررہے ہیں اور انہوں نے تیزی سے ویکسی نیشن مہمات کا مطالبہ کیا ہے۔

ادھر اوپیک اور تیل پیدا کرنے والے دیگر ممالک کے کارٹل نے جمعرات کے روز اجلاس طلب کرلیا ہے، تیل کی قیمتوں میں کمی کیلئے تیل پیدا کرنے والے ممالک کو امریکا کی جانب سے تیل کی پیداوار بڑھانے کے دباو کا سامنا ہے جبکہ اس کیساتھ ساتھ کورونا کی نئی قسم نے معیشت کو درپیش خطرہ مزید بڑھا دیا ہے۔

تازہ ترین