• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایکس اے آئی کی’ گروک‘ کے جارحانہ رویّے پر معذرت

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

ایلون مسک کی کمپنی ایکس اے آئی نے اپنے چیٹ بوٹ ’گروک‘ کی جانب سے کی گئی جارحانہ پوسٹس پر معافی مانگ لی۔

حال ہی میں گروک نے اپ گریڈ ہونے کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کچھ پوسٹس میں مشہور نازی رہنما ایڈولف ہٹلر کی تعریف کی تھی اور کہا تھا کہ یہودی کنیت کے حامل لوگوں کے آن لائن نفرت پھیلانے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔

 ان میں سے کچھ پوسٹس کو کئی گھنٹوں بعد بڑھتے ہوئے غم و غصے کو مدِنظر رکھتے ہوئے حذف کردیا گیا تھا۔

کمپنی نے ہفتے کے روز اپنے چیٹ بوٹ کے رویے پر معافی مانگتے ہوئے ایک پوسٹ میں لکھا کہ ہم اس خوفناک رویے کے لیے دل کی گہرائیوں سے معذرت خواہ ہیں جس کا بہت سے لوگوں نے تجربہ کیا۔

کمپنی نے مزید لکھا کہ ہم نے مزید بدسلوکی کو روکنے کے لیے چیٹ بوٹ کے  سسٹم میں ترمیم کی ہے۔

کمپنی نے وضاحت کی کہ یہ تبدیلی اس وقت ہوئی جب چیٹ بوٹ کو ’ایک انسان کی طرح پوسٹ کا جواب دینے کو کہا گیا اور ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ جواب اس انداز میں دیں کہ آپ ان لوگوں کو ناراض کرنے سے نہیں ڈرتے جو سیاسی طور پر درست ہیں‘۔

کمپنی نے مزید بتایا کہ سوال پوچھنے کے انداز کے نتیجے میں’گروک‘ نے شدت پسندانہ خیالات کا اظہار کیا اور صارفین کی دل آزاری ہوئی۔

واضح رہے کہ گروک جب سے لانچ ہوا ہے تنازعات میں گھرا ہوا ہے اور اس کے بارے میں ایلون مسک نے وعدہ کیا تھا کہ یہ چیٹ بوٹ’چبھنے والا‘ سچ گو ہو گا۔

سائنس و ٹیکنالوجی سے مزید