اسلام آباد(کامرس رپورٹر ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں سڑکوں کی تعمیر سے سیاحت کے لیے نئی راہیں کھلیں گی ، روزگار کے مزید مواقع پیدا ہونگے اور خطے کیلئے سماجی و اقتصادی ثمرات حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کر یں گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پی ایس ڈی پی کے تحت ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر کو گلگت بلتستان میں دو بڑی سڑکوں کی تعمیر کے حوالے سے پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی جن میں جگلوٹ سکردو روڈ (167 کلومیٹر) کی اپ گریڈیشن اورنلتر ویلی روڈ پر تازہ ترین پیشرفت شامل ہے۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر نے مہمند ڈیم اور داسو ڈیم کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور ان منصوبوں کے لیے ترجیحی فنڈنگ پر زور دیا۔