متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) بحالی تحریک کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کی ناتجربہ کاری پر نالائقی کا تڑکا لگا ہے، سندھ کی حکمرانی بد سے بد تر کی طرف جارہی ہے، دیہی اور شہری میں خلیج بڑھتی جارہی ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال اور خواجہ سعد رفیق کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں فاروق ستار نے کہا کہ مجھے ایم کیو ایم سے الگ مت سمجھیں، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے ساتھ مختلف ایشوز پر بات ہوئی ہے۔
ایم کیو ایم کے سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ منی بجٹ معیشت کے تابوت میں آخری کیل ہوگا، عوام مایوس ہوگئے، ملک میں بے یقینی کی کیفیت ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ لوگ حکومت اور سیاسی جماعتوں کی کارکردگی سے تنگ نظر آرہے ہیں، کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔
فاروق ستار نے یہ بھی کہا کہ آج وسیع ترمفاہمت اور قومی یکجہتی کی ضرورت ہے، مجھے ایم کیو ایم سے الگ مت سمجھیں۔