• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا انجلینا جولی امریکا چھوڑ کر کمبوڈیا منتقل ہونے والی ہیں؟

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

عالمی شہرت یافتہ ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی امریکا چھوڑنے کی تیاری کر رہی ہیں۔

انجلینا جولی نے کچھ عرصہ پہلے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ لاس اینجلس میں رہنا میرے طویل المدتی منصوبوں کا حصہ نہیں تھا۔

امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق رواں سال کے آخر تک اداکارہ کا لاس اینجلس چھوڑنے کا امکان ہے کیونکہ اب وہ خاندان سے متعلق پابندیوں میں نرمی کے بعد امریکا سے باہر اپنی زندگی کے ایک نئے باب کا آغاز کرنے کے لیے تیار ہیں۔

رپورٹ میں انجلینا جولی کے دوستوں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ حالیہ برسوں میں اداکارہ نے امریکا میں اپنی رہائش کا انتخاب بریڈ پٹ سے علیحدگی کے بعد اپنے بچوں کی تحویل کے حصول کے لیے شروع ہونے والی قانونی جنگ کی وجہ سے کیا تھا اور اب ذاتی زندگی کے حالات میں بہتری آنے کے بعد ممکن ہے کہ وہ جلد ہی امریکا چھوڑ کر کسی اور ملک میں رہائش اختیار کر لیں۔

رپورٹ کے مطابق اداکارہ کے اس اقدام کا تعلق صرف ان کی ذاتی زندگی سے ہی نہیں ہے بلکہ اس کی وجہ امریکا کی سیاسی اور سماجی پالیسیز کے بارے میں ان کے خیالات بھی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال انجلینا جولی نے سان سیبسٹین فلم فیسٹیول میں اپنے آبائی ملک امریکا کے بارے میں یہ کہا تھا کہ میں اپنے ملک سے محبت کرتی ہوں، لیکن میں اسے تسلیم نہیں کرتی۔

اس کے علاوہ اداکارہ اکثر خود کو بطور عالمی شہری متعارف کرواتی ہیں اور صرف اتنا ہی نہیں بلکہ وہ جنوب مشرقی ایشیا میں اپنی زندگی کا طویل عرصہ  گزارنے کی خواہش بھی رکھتی ہیں۔

انجلینا جولی ماضی میں کمبوڈیا میں رہائش اختیار کرنے کا اشارہ بھی دے چکی ہیں۔

یہاں اس بات کا ذکر کرنا بھی اہم ہے کہ اداکارہ نے اپنے سب سے بڑے بیٹے میڈڈوکس کو  کمبوڈیا سے گود لیا تھا اور وہاں سے ملنے والے تجربے نے ان کے زندگی اور خاندان کے بارے میں خیالات کو مثبت انداز میں متاثر کیا تھا۔

انجلینا جولی کا خیال ہے کہ لاس اینجلس میں ان کے بچے ہمیشہ میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے رہتے ہیں اور ان کی ذاتی زندگی متاثر ہوتی ہے جب کہ امریکا سے باہر رہنے پر بچوں کو سکون سے زندگی گزارنے، مختلف ثقافتوں اور ماحول کا تجربہ کرنے کا موقع ملے گا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید