• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور ضمنی انتخاب، ن لیگ نے اپنی نشست جیت لی، ووٹوں میں کمی، پیپلز پارٹی کے ووٹ بڑھ گئے

لاہور(نمائندہ جنگ‘ مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ (ن)نے لاہور کے حلقہ این اے 133کے ضمنی انتخاب میں میدان مارلیا،پیپلز پارٹی چوتھے سے دوسرے نمبر پر آگئی۔غیر حتمی اور غیر سرکاری اعدادو شمار کے مطابق مسلم لیگ (ن)کی امیدوار شائستہ پرویز ملک 46ہزار811 ووٹ لیکر جیت گئیں۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کے چودھری اسلم گل کو 14ہزار498ووٹوں سے شکست دی۔چودھری اسلم گل 32 ہزار 313ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ یہ نشست مسلم لیگ (ن)کے رکن قومی اسمبلی ملک محمد پرویز کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی ۔ مسلم لیگ (ن)اور پیپلز پارٹی کے علاوہ تحریک جوانان پاکستان اور نیشنل فرنٹ پاکستان نے بھی امیدوار میدان میں اتارے تھے ۔ سات آزاد امیدوار بھی مدمقابل تھے۔ حکمران جماعت کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ اور ان کی اہلیہ مسرت جمشید چیمہ کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوگئے تھے۔2018ءکے عام انتخابات میں 13ہزار235ووٹ حاصل کرنے والی تحریک لبیک پاکستان نے لانگ مارچ کے باعث ضمنی انتخاب میں کوئی امیدوار میدان میں نہیں اُتارا تھا۔ الیکشن کمیشن کے اعدادو شمار کے مطابق نیشنل فرنٹ پاکستان کی امیدوار سیدہ غلام فاطمہ گیلانی نے 377 اور تحریک جوانان پاکستان کے عبدالعزیز نے 144ووٹ حاصل کیے۔ محمد نواز115ووٹ لیکر سات آزاد امیدواروں میں پہلے نمبر پر رہے۔مسلم لیگ (ن) کو 2018کے عام انتخابات کے مقابلے میں42ہزار888ووٹ کم ملے جبکہ 2018کے الیکشن میں مسلم لیگ ن کے پرویزملک نے 89 ہزار699ووٹ لیے تھے۔پیپلزپارٹی کے اسلم گِل نے 2018کے انتخابات کے مقابلے میں 26ہزار 728ووٹ زیادہ حاصل کیے ۔ انہوں نے 2018 کے الیکشن میں5585ووٹ لیے تھے۔ 2018 کے الیکشن میں تحریک انصاف کے اعجاز چوہدری نے77ہزار293ووٹ لیےتھے لیکن ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کا کوئی امیدوار میدان میں نہیں تھا۔2018کے عام انتخابات میں این اے133 میں51.89فیصد ووٹ کاسٹ ہوئے تھے جبکہ ضمنی الیکشن میں18.59فیصد ووٹ کاسٹ ہوئے۔ کامیابی کی خوشی میں مسلم لیگ (ن) کے حامیوں نے بھرپور جشن منایا اور مٹھائیاں تقسیم کیں‘ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ‘شیرآیا ، شیرآیا کے نعرے لگائے‘ کامیابی پر مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف‘ نائب صدر مریم نوازنے شائستہ پرویز ملک ‘ عوام اور پارٹی رہنماؤں کو مبارک باددی ہے ۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیشہ کی طرح عوام کے اعتماد پر پورااتریں گےجبکہ مریم نوازنے شائستہ پرویز کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ اللّٰہ کا شکرہے‘ شیروں کو مبارک ۔ ایک واری فیر،شیر ، الحمداللّٰہ۔

تازہ ترین