پیرس( نمائندہ جنگ) فرانس میں آباد پاکستانی مسیحیوں کی تنظیم آلیلویا فرانس ( Alleluia France) کے صدر فرانسیس زیوئیر نے سیالکوٹ میں 11 سال سے مقیم سری لنکن شہری کی درد ناک موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستانی معاشرہ کس ڈگر پہ چل پڑا ہے۔اسلام کے نام پر قتل و غارتگری اس معاشرے کا وتیرہ کبھی نہ تھا جبکہ کچھ سالوں سے ایسے واقعات کا تواتر سےوقوع پزیر ہونا باعث تشویش ہے۔ملک میں مقیم بے بس اور غریب مسیحی اقلیت آسان ہدف ہے۔ایسے اقدامات سے پاکستان کا بین الاقوامی تشخص مجروح ہورہا ہے۔ملک کو ریاست مدینہ کا حقیقی نمونہ بنایا جائے،پاکستان میں مسیحیوں کی خدمات ہر شعبہ زندگی میں نمایا ں ہیں ۔فیصل آباد کی مسیحی نرسز کو فوری رہا کیا جائےتاکہ وہ کرسمس اپنے اہل خانہ کے ساتھ مناسکیں۔