• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک بھارت سرحد پر بچے کی پیدائش، نام ’بارڈر‘ رکھ دیا گیا

بھارتی بارڈر اٹاری پر بچے کو جنم دینے والی پاکستانی خاتون نے اپنے نومولود بیٹے کا نام ’بارڈر‘ رکھ دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی اٹاری بارڈر پر پھنسے پاکستانی خاندان کی جانب سے اپنے نومولود بیٹے کا نام بارڈر رکھا گیا ہے، پاکستانی شہری بالم رام اور نیمبو بائی 71 دنوں سے 97 دیگر پاکستانیوں سمیت پاک بھارت بارڈر  (پاکستان کے واہگہ اور بھارت کے اٹاری) پر پھنسے ہوئے تھے۔

پاکستانی جوڑے بالم رام اور نیمبو بائی کا تعلق صوبہ پنجاب کے ضلع راجن پور سے ہے، اس جوڑے کا کہنا ہے کہ چونکہ اُن کے بیٹے کی پیدائش پاک بھارت کے بارڈر پر ہوئی ہے اسی لیے اس بچے کا نام بھی بارڈر رکھا گیا ہے۔

بالم رام کا بتانا ہے کہ وہ کورونا لاک ڈاؤن سے قبل 97 دیگر پاکستانیوں سمیت بھارت میں اپنے رشتہ داروں سے ملنے اور یاترا کے سلسلے میں ہندوستان آیا تھا، پاکستان واپس جانے کے لیے مطلوبہ دستاویزات نہ ہونے کے سبب  پاکستانی شہری  یہیں پھنس کر رہ گئے۔

بالم رام کے مطابق بارڈر پر پھنسے 97 پاکستانیوں میں 47 بچے بھی شامل ہیں جبکہ 6 کی پیدائش ہندوستان میں ہی ہوئی ہے جن کی عمر ایک سال سے بھی کم ہے۔

دوسری جانب بالم رام کے علاوہ ایک اور  پاکستانی شہری لگا رام کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام بھارت رکھا گیا ہے، لگا رام 2020ء میں اپنے بھائی سے ملنے ہندوستان کے شہر جودھ پور گیا تھا اور تا حال وطن واپس نہیں لوٹ سکا ہے۔

تازہ ترین