• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیالکوٹ واقعہ پاک سری لنکا تعلقات پر اثر انداز نہیں ہوگا، سری لنکن ہائی کمشنر

فوٹو بشکریہ سری لنکن ہائی کمشنر موہن وجے وکراما
فوٹو بشکریہ سری لنکن ہائی کمشنر موہن وجے وکراما

سری لنکن ہائی کمشنر موہن وجے وکراما کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا دوست ہیں اور دوست رہیں گے، میں یقین دلاتا ہوں کہ یہ واقعہ ہمارے تعلقات پر اثر انداز نہیں ہوگا۔

سری لنکن ہائی کمشنر موہن وجے وکراما نے میڈیا سے گفتگو کے دوران   پاکستانی عوام کی جانب سے تعزیت کے اظہار پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ واقعہ افسوس ناک ہے، اس پر حکومت پاکستان نے تعاون فراہم کیا ہے۔

موہن وجے وکراما نے کہا ہے کہ  ہم پاکستان کی حکومت کی طرف سے لیے گئے اقدامات سے خوش ہیں، بہت بڑی تعداد میں لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے، یہ واقعہ ہمارے تعلقات کو متاثر نہیں کرے گا، پاکستان کے ساتھ ہمارے تعلقات بہترین رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  یقین ہے حکومت پاکستان ایسے اقدامات کرے گی کہ فیملی کو انصاف ملے، یہ ایک قتل ہوا ہے،  سری لنکن حکومت کو یقین ہے کہ اس کا تعلق پاکستان سری لنکا تعلق سے نہیں، ہم نے دیکھا کہ پاکستان نے فوری ایکشن لیا، ہم دیکھ رہے ہیں کہ بڑی تعداد میں لوگوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

سری لنکن ہائی کمشنر موہن وجے وکراما کا کہنا تھا کہ ہمیں کہنے کی ضرورت نہیں کہ ہم دوست ہیں، پاکستان اور سری لنکا کے سوشل، ڈیفنس اور تجارتی تعلقات ہیں، اس واقعے سے ہمارے تعلقات پر منفی اثرات مرتب نہیں ہوں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ آج شہری کی میت سری لنکا واپس بھیج دی ہے۔

اس دوران پی ٹی آئی کے رہنما ارشد داد نے تحریک انصاف کی طرف سے سری لنکن ہائی کمشنر سے معذرت اور تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ شرمندگی ہے کہ ایسے واقعے کے لیے مذہب کا نام استعمال کیا گیا۔

تازہ ترین