• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احتجاج ان کا حق، اب بھی ناکام ہوں گے، فواد چوہدری

اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ فضل الرحمان کی باتیں ٹائیں ٹائیں فش ثابت ہوں گی‘ وہ بے وقت کا راگ الاپ رہے ہیں اور سننے والا کوئی نہیں‘ مارچ اور احتجاج کرنا اپوزیشن کا حق ہے لیکن مولانا فضل الرحمان کی کوشش ہے کہ موجودہ سسٹم ختم ہو اور ان کی جگہ دوبارہ بنے، مولانا حوصلہ رکھیں اور اپنے دائیں بائیں دیکھیں ، ان کے ساتھ کوئی نہیں وہ اکیلے بیٹھے ہیں، 23 مارچ بھی آ جائے گا‘ آپ بھی یہاں ہیں، ہم بھی یہاں ہیں، دیکھ لیں گے۔

فضل الرحمان پہلے بھی کئی مرتبہ تاریخیں اور حکمت عملی بدل چکے ہیں‘یہ تاریخ بھی حتمی نہیں ہوگی ‘یہ اب بھی ناکام ہوں گے ۔

پیر کو مولانا فضل الرحمان کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ڈی ایم نے 23 مارچ کو اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے کا عندیہ دیا ہے‘انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی کوشش رہی ہے کہ یہ سسٹم ختم ہو چونکہ وہ اس سسٹم کا حصہ نہیں ہیں

نواز شریف اور مریم نواز اس لئے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ نظر آتے ہیں کیونکہ وہ سسٹم کا حصہ نہیں۔جو لوگ سسٹم میں ہیں وہ ایسی حکمت عملی کو سپورٹ نہیں کرتے ہیں

آج کے اجلاس میں بھی پارلیمان کے اندر موجود جماعتوں اور شخصیات کا نکتہ نظر پارلیمان سے باہر رہنے والوں سے مختلف تھا‘فضل الرحمان کی باتیں ٹائیں ٹائیں فش ثابت ہوں گی‘ پی ڈی ایم اپنی طبعی عمر پوری کر چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مقامی حکومتوں کے انتخابات ہونے والے ہیں، خیبر پختونخوا میں 19 دسمبر کو بلدیاتی الیکشن ہو رہے ہیں، اس کے بعد آئندہ سال ہم اپنا آخری بجٹ پیش کریں گے اور اس کے بعد ملک میں عام انتخابات ہونے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ امید ہے پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے مولانا فضل الرحمان کے سانحہ سیالکوٹ کے حوالے سے غیر ذمہ دارانہ بیان پر ان سے بازپرس کی ہوگی، مولانا فضل الرحمان نے غیر ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے اس اندوہناک واقعہ کو تحفظ دینے کی کوشش کی ہے۔

تازہ ترین