کراچی (عبدالماجدبھٹی) آسٹریلیا کا سیکیورٹی وفد پیر کی شب خاموشی سے کراچی پہنچ گیا جو آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے قبل کراچی، پنڈی اور لاہور میں سیکیورٹی انتظامات اور دورے کی دیگر تفصیلات کا جائزہ لے گا۔ منگل کو وفد نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کرے گا۔
مارچ اور اپریل میں آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان اسی ایڈوانس ٹیم کی رپورٹ سے مشروط ہے۔
آسٹریلوی وفد کے دورے کو لوپروفائل رکھا گیا ہے۔ آسٹریلیا آئندہ سال مارچ اور اپریل میں 24 سال بعد پاکستان کی سرزمین پر دوطرفہ سیریز کھیلے گا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کیے گئے شیڈول کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز میں 3 ٹیسٹ میچز، 3 ایک روزہ اور ایک ٹی 20 میچ کھیلا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی پہنچنے والے وفد میں کرکٹ آسٹریلیا کے تین سیکیورٹی ماہرین اور ایک آزاد سیکیورٹی ماہر رگ ڈگسن بھی شامل ہے۔
رگ ڈگسن پاکستان کے علاوہ آئی سی سی کے لئے بھی سیکیورٹی ماہر کی حیثیت سے کام کرتے ہیں۔