• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ سمیت دیگر اضلاع میں فوڈ اتھارٹی کی کارروائی،17مراکز کو جرمانہ

کوئٹہ(پ ر) بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی مختلف اضلاع میں غیر معیاری و مضر صحت کھانے پینے کی اشیاء کے تدارک کے لئے جاری کارروائیوں کے دوران مزید 17 مراکز پر جرمانے عائد کر دئیے گئے ۔ بی ایف اے حکام کی جانب سے گزشتہ روز اشیاء خوردونوش کے مراکز کے معائنے پر لورالائی میں 13 ، اوتھل میں ایک ،کوئٹہ میں ایک جبکہ صحبت پور میں 2 مراکز کے خلاف مختلف وجوہات پر کارروائی کی گئی ۔ لورالائی میں بی ایف اے زونل ٹیم نے 6 میٹ شاپس کو بارہا تنبیہ و ہدایات کے باوجود دکانوں کے باہر گوشت لٹکانے اور میٹ کٹنگ کیلئے گندے اوزار استعمال کرنے پر جرمانہ کیا جبکہ مجموعی طور پر ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 3 بیکرز ، ایک بریانی شاپ ،ایک ہوٹل ،ایک نان شاپ جبکہ زائد المیعاد خوردنی اشیاء کی برآمدگی پر ایک جنرل اسٹور کے خلاف ایکشن لیا۔ مزید برآں کوئٹہ کے علاقے جان محمد روڈ میں بی ایف اے فوڈ سیفٹی ٹیم نے ایک بیکنگ یونٹ کو صفائی کی ابتر صورتحال ، پروڈکشن میں ناقص اجزاء ، ممنوعہ چائنیز نمک اور ممنوعہ کوکنگ آئل کے استعمال پر جرمانہ کیا ، اوتھل میں مراکز کی چیکنگ کے دوران ایک ہولسیلر سے بڑی مقدار میں ایکسپائرڈ پیکٹ دودھ ، مصالحے اور بچوں کے کھانے کی اشیاء برآمد ہوئیں جس پر ہولسیلر کو جرمانہ کرتے ہوئے دکان سے ملنے والی زائد المیعاد اشیاء موقع پر تلف کر دی گئیں۔ صحبت پور میں زونل ڈائریکٹر امداد علی کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے معائنہ کے دوران ایک کولڈڈرنک کارنر سے ایکسپائرڈ مشروبات پکڑ لیں جبکہ ایک ہوٹل میں صفائی کے انتظامات خراب ، برتن گندے اور ٹوٹے ہوئے پائے گئے جس پر مذکورہ دونوں مراکز پر جرمانے عائد کئے گئے۔
تازہ ترین