وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس قادر شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے جس گرین لائن منصوبے کا افتتاح کیا وہ تاحال مکمل نہیں ہے۔
عمران خان کے مختصر دورہ کراچی پر ردعمل میں اویس قادر شاہ نے کہا کہ وزیراعظم نے نامکمل منصوبے کا افتتاح کیا، جس کا نہ سر ہے اور نہ ہی پاؤں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئی تو اپنے بھی ایک منصوبے کا افتتاح کرکے عوام کو بتائیں۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ گرین لائن کے ٹرائل کا افتتاح کمال کی تبدیلی ہے، ان کے سارے کام جلد بازی میں ہوتے ہیں اور ان ہی کے گلے کا پھندا بنتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ صبر خود کرتے نہیں اور نصیحت بڑی بڑی، ان کو معلوم ہوگیا ہوگا کہ بنے بنائے کام کیسے بگاڑے جاتے ہیں۔
اویس قادر شاہ نے یہ بھی کہا کہ ان کے اتحادیوں نے بھی سالوں سے کراچی کے لیےکچھ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کراچی کے اتحادی وزارتیں لے کر اپنی جیبیں بھرتے ہیں۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ گرین لائن منصوبے کی افتتاحی تقریب میں فاقی وزراء کو ساتھ بیٹھ کر بات کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔
اُن کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو ریڈلائن منصوبے کا جلد گراؤنڈ بریک کریں گے۔