پشاور(آئی این پی) الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بلاول بھٹو زرداری سمیت پارٹی کے دیگر رہنماؤں پر جرمانہ کردیا۔ الیکشن کمیشن پاکستان نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کیلئے بنائے گئے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو 50ہزار جرمانہ کردیا۔ الیکشن کمیشن نے بلاول بھٹو زرداری کے علاوہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سید خورشید شاہ، صوبائی وزیر سعید غنی، نثار کھوڑو اور رکن قومی اسمبلی قادر پٹیل پر بھی فی کس 50ہزار روپے جرمانہ کیا ہے۔ اسکے علاوہ نگہت اورکزئی کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر تنبیہ کی ہے۔ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ انتخابی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق کی دوبارہ خلاف ورزی پر کیس الیکشن کمیشن کو بھجوایا جائیگا۔ واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات 19دسمبر کو ہونگے۔