کوئٹہ (خبرایجنسی، جنگ نیوز)کوئٹہ میں مجبور لڑکیوں کی نازیبا وڈیوز بنانے کا اسکینڈل، ملزمان گرفتار،ڈی آئی جی کوئٹہ کاکہناہےکہ ملزمان نے کسی اورلڑکی کوبلیک میل یاہراساں کیا ہے تو وہ ہمیں بتاسکتی ہے۔تفصیلات کےمطابق کوئٹہ میں مجبور لڑکیوں کی نازیبا ویڈیوز بنا کر انہیں بلیک میل کرنے کا شرمناک اسکینڈل منظر عام پر آ گیا، ملزمان کی جانب سے نازیبا ویڈیوز وائرل کر دی گئیں،معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی نے کام شروع کرتے ہوئے مرکزی ملزم سمیت 2 افراد کو گرفتار کر لیا، پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان بھائی ہیں، ملزمان کے لیپ ٹاپ اور دوسری ڈیوائسز سے برآمد ویڈیوز فرانزک کے لیے بھجوا دی گئی ہیں،اس معاملے پر ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔دوسری جانب ڈی آئی جی کوئٹہ فدا حسن نے لڑکیوں کی نازیبا ویڈیوز اور انہیں بلیک میل کرنے والے گروہ سے متعلق کہا ہے کہ ملزم نے کسی اورلڑکی کوبلیک میل یاہراساں کیا ہے تو وہ ہمیں بتاسکتی ہے، معلومات دینے والوں کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔ایک انٹرویو میں ڈی آئی جی کوئٹہ نے کہا کہ 2 دسمبر کو کیس سے متعلق رپورٹ دی گئی تھی 2 خواتین آئی تھیں کہ ہماری بچیوں کو بلیک میل کیا جا رہا ہے۔